پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہو گا،حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کر رہی ہے، رانا مشہود احمد خاں

پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہو گا،حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کر رہی ہے، رانا مشہود احمد خاں

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہو گا،حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان میں نوجوانوں کی قیادت کے ذریعے سماجی اور پائیداری کے اثرات پر پیشرفت کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے نمایاں اقدامات کئے جارہے ہیں، تعلیم اور کھیل کے شعبہ میں نوجوانوں کو مواقع کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل اور سرمایہ ہیں، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں، پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہو گا، اس میں نوجوانوں کااہم کردار ہے، وہ فنی تعلیم اور تربیت حاصل کر کے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ،ملکی ترقی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوان نسل ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کی دستیاب مواقع تک رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کو عظیم کامیابی ملی، اس جنگ میں ہمارے نوجوانوں نے ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، معرکہ حق کے بعد پاکستان کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوا،اب ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان کا رخ کر رہی ہیں،حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔