اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):بھارتی متضاد بیانات سے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی حقیقت آشکار ہو گئی، اس کی پراپیگنڈا مشینری سکیورٹی ناکامی چھپانے کےلئے جھوٹ اور فریب کا سہارا لیتی رہی۔بھارتی میڈیا نے حسب روایت من گھڑت پراپیگنڈے کے ذریعے پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی۔ میڈیا کے بے بنیاد پروپیگنڈا کے مطابق22 اپریل 2025 کو کالعدم تنظیم دی ریزیزٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کر لی، حیران کن طور پر ٹی آر ایف نے 25 اپریل 2025 کو اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید بھی کر دی۔ بھارت اپنے زیر تسلط جموں و کشمیر کی جدوجہد کو دہشتگردی سے جوڑنے اور پاکستان کو بدنام کرنے کےلئے ٹی آر ایف کو ایک مہرے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عالمی سطح پر شواہد کےساتھ پاکستان کے دوٹوک مؤقف کو تسلیم کرایا۔ اس سے قبل بھی بھارت ہر دہشتگرد حملے کے بعد بغیر شواہد پاکستان پر الزام لگا کر اپنی جگ ہنسائی کرا چکا ہے۔ عالمی ماہرین کے مطابق ٹی آر ایف بھارتی خفیہ ایجنسی را کی من گھڑت تخلیق ہے جس کا مقصد پاکستان کو پہلگام حملوں سے جوڑنا تھا۔اس گروہ کے وجود کا کوئی ٹھوس ثبوت نہ پہلے سامنے آیا نہ ہی پہلگام کے بعد کوئی گرفتاریاں، شناخت، تنظیمی یا مالی شواہد ظاہر کیے گئے۔