لاہور۔15اپریل (اے پی پی):ٹریفک پولیس پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں موٹر سائیکل سواروں کو لرننگ اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں جس سے شہریوں کو بروقت سہولت فراہم ہو رہی ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کی جانب سےجاری اعداد و شمار کے مطابق صوبہ بھر میں موٹر سائیکل سواروں کو 23 لاکھ54 ہزار سے زائد لائسنس جاری کیے گئے جبکہ 10 لاکھ سے زائد شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا،6 لاکھ71 ہزار سے زائد افراد نے لرنر اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی جبکہ7 لاکھ10 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ سہولیات سے فائدہ اٹھایا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا قانونی طور پر جرم ہے۔