ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات کے جامع انتظامات کئے گئے

ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات کے جامع انتظامات کئے گئے

مکہ مکرمہ۔15مئی (اے پی پی):مکہ مکرمہ میں موجود ہزاروں پاکستانی عازمینِ حج نے آج خطبہ اور نمازِ جمعہ مسجد الحرام (خانہ کعبہ) میں انتہائی عقیدت و احترام اور روحانی ماحول میں ادا کی۔ ترجمان وزارتِ مذہبی امور عمر بٹ کے مطابق، حج فلائٹ آپریشن کے تحت اب تک 84,752 پاکستانی عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں، جن کی مسجد الحرام تک آمد و رفت کو سہل بنانے کے لیے پاکستان حج مشن نے تمام رہائشی سیکٹرز میں چوبیس گھنٹے فعال شٹل سروس فراہم کر رکھی ہے۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر ’’371‘‘دید بسیں عازمین کو لانے اور لے جانے کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔عازمینِ حج کی سہولت اور حرم پاک کے اطراف میں رش کے ضابطے کے لیے پاکستان حج مشن نے باقاعدہ سیکٹر وائز ڈراپ پوائنٹس مقرر کیے ہیں۔

سیکٹر 1، 2، 3، 4، 7 اور 8 کے عازمین کے لیے کدا نہ(مروہ سائیڈ نزد 9 نمبر حمام) کو ڈراپ پوائنٹ بنایا گیا ہے۔ اسی طرح سیکٹر 5، 6، 9 اور 10 سمیت بلڈنگ نمبر 1105 سے 1109 کے عازمین کو ’’کدائی‘‘ (کلاک ٹاور کے نیچے بیسمنٹ) پر ڈراپ کیا جاتا ہے، جبکہ بلڈنگ نمبر 1101 سے 1104 کے عازمین کے لیے ’’ری بخش‘‘ (اجیاد سائیڈ) کا اسٹاپ اور سیکٹر 12 و بلڈنگ نمبر 1110 کے عازمین کے لیے ’’جرول‘‘ (نیو حرم، باب عبداللہ سائیڈ) کا ڈراپ پوائنٹ فعال کر دیا گیا ہے۔مسجد الحرام کے اطراف میں ضعیف اور معذور عازمینِ حج کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت اجیاد چوک پر گلف کارٹ اور وہیل چیئر کی سہولت دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ، باب السلام اور 9 نمبر حمام کے سامنے سے عازمین کے لیے ’’مفت وہیل چیئر‘‘ بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔

کسی بھی ہنگامی طبی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صفوہ ٹاور کی بیسمنٹ اور باب عبدالعزیز کے سامنے ایمرجنسی ہسپتال قائم کیے گئے ہیں جہاں عازمین کو فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔ مزید برآں، عازمین کی رہنمائی اور گمشدہ سامان کی واپسی کے لیے 9 نمبر حمام کے سامنے خصوصی مراکز قائم ہیں، جبکہ سامان کو امانت کے طور پر رکھنے کے لیے اجیاد چوک اور غزہ کے مقامات مختص کیے گئے ہیں۔

ترجمان عمر بٹ نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان حج مشن کا عملہ میدان میں چوکنا ہے اور اب تک 16,388 عازمین کو حرم گائیڈز کے ذریعے راستہ بھولنے پر ان کی رہائش گاہوں تک بحفاظت پہنچایا جا چکا ہے۔ انہوں نے اطمینان ظاہر کیا کہ امسال کا حج آپریشن اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق انتہائی کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔