لاہور۔17مئی (اے پی پی):ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے 19 مئی کو الحمرا ہال ون میں تقریبِ تقسیمِ انعامات اور نمائشی پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے،جس میں مختلف منصوبوں اور مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات اور خواتین کو اعزازات دیئے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق پارلیمانی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سعدیہ تیمور کی زیرِ نگرانی منعقد ہونے والے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میگا شوکیس 2026میں انٹرپرینیورل فی میل یوتھ پچ کمپیٹیشن کی ٹاپ 10 فائنلسٹ طالبات میں نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گےجبکہ تقریب میں 200 لیپ ٹاپ بھی مستحق اور نمایاں کارکردگی کی حامل طالبات میں تقسیم کیے جائیں گے۔
تقریب کے دوران ڈیجیٹل پوسٹر سازی کے مقابلے میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو بھی انعامات دیئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ٹیکسٹائل، بیوٹیشن اور ڈیجیٹل اسکلز پروگرامز مکمل کرنے والی تقریبا 600 خواتین میں اسنادِ کامیابی تقسیم کی جائیں گی۔ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے یوتھ ایمبیسیڈر پروگرام سے وابستہ لاہور اور گرد و نواح کے تعلیمی اداروں کی طالبات بھی تقریب میں شریک ہوں گی۔ترجمان کے مطابق یہ میگا شوکیس خواتین کو بااختیار بنانے، ہنر مندی کو فروغ دینے اور نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو سراہنے کی ایک اہم کاوش ہے۔