اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات دانیال چوہدری نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا اور نومنتخب قیادت کو مبارکباد دی۔ منگل کو پریس کلب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے دورے کے موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات دانیال چوہدری کا صدرعبدالرزاق سیال، سیکرٹری و دیگر عہدیداران نےپرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کے ارکان و سینئر صحافی بھی موجود تھے۔دانیال چوہدری نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں اور جمہوریت کے استحکام میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ مسائل کے حل اور آزادی صحافت کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے نیشنل پریس کلب کیلئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس فنڈ سے پریس کلب کی بہتری، صحافیوں کی سہولیات اور فلاحی منصوبوں کو مزید موثر بنایا جائے گا۔اس موقع پرصدر این پی سی عبدالرزاق سیال اور سیکرٹری ڈاکٹر فرقان رائو نے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری کو صحافیوں کے مسائل، میڈیا انڈسٹری کی زبوں حالی، ورکرز کی نوکریوں سے برطرفی سمیت میڈیا ٹاؤن فیز ٹو، بھارہ کہو ہائوسنگ سکیم ،جی چودہ اور جی پندرہ میں صحافیوں کیلئے پلاٹس کے مسائل کے حوالے سے بتایا۔
دانیال چوہدری نے متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی رہائشی مشکلات کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔نیشنل پریس کلب کی قیادت نے دانیال چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومتی تعاون خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اعلان کردہ گرانٹ کو حالیہ بجٹ سے قبل ریلیز کر دیا جائے گا جبکہ رہائشی اسکیموں سے متعلق مسائل بھی جلد حل ہوں گے جس سے صحافیوں کو ریلیف ملے گا۔