وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل کا پی ٹی آئی کو مثبت کردار کے لیے پارلیمانی اداروں میں واپس آنے کی دعوت

وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل کا پی ٹی آئی کو مثبت کردار کے لیے پارلیمانی اداروں میں واپس آنے کی دعوت

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کو پارلیمانی کمیٹیوں میں واپس آکر مثبت کردار ادا کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ سازی کے عمل میں استعفوں سے قبل اپوزیشن نے تعمیری کردار ادا کیا۔اتوار کواسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ سے متعلق گزشتہ اجلاسوں میں اپوزیشن اراکین کا رویہ مثبت رہا اور انہوں نے بجٹ معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بھی اپوزیشن کی تجاویز کو سنجیدگی اور مثبت انداز میں لیاجبکہ نوجوان پارلیمنٹیرینز اسامہ میلہ اور مبین عارف کی پارلیمانی کمیٹیوں میں کارکردگی قابلِ ستائش رہی۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر بعض قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کی تقرری پر اختلافات موجود تھے جن میں بنیادی تنازع پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین جنید اکبر خان کے معاملے پر تھا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پارٹی قیادت نے ان معاملات کو میڈیا میں نظریاتی اختلافات کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی تاہم حقیقت میں یہ اندرونی جماعتی اختلافات تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص گروپ نے بانی پی ٹی آئی کو استعفے دینے پر آمادہ کیا تاکہ جنید اکبر کو ہٹایا جا سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کے بعد اپوزیشن کے پاس اب کوئی مؤثر پوزیشن نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی کا بائیکاٹ کرکے اپوزیشن نے خود کو بجٹ عمل سے الگ کر لیا ہے اور یہ دیکھنا باقی ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے اندر آئندہ کیا حکمت عملی اختیار کرتی ہے۔