وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور کی ملاقات، توانائی و اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور کی ملاقات، توانائی و اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):پاکستان اور امریکا کے درمیان توانائی و اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوگیا،دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں قریبی رابطے برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔جمعرات کو وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور ایس پال کپور نےملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان توانائی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان میں امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر بھی موجود تھیں۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ اور اقتصادی روابط کو وسعت دینے سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔

امریکی معاون وزیر خارجہ ایس پال کپور نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ ایک دوسرے کے لئے ہمیشہ اہم رہے ہیں اور موجودہ پیشرفت کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے امریکی وفد کوپاکستان کے توانائی شعبے میں جاری اصلاحات سے آگاہ کیاجن کا مقصد مقامی وسائل کا فروغ،کارکردگی میں بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نےبندرگاہی انفراسٹرکچر، ذخیرہ گاہوں کی تعمیر، ریفائنری اپ گریڈیشن، معدنیات اور توانائی کے مختلف منصوبوں میں تعاون کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے پہلی مرتبہ امریکہ سے تقریباً 60 لاکھ بیرل خام تیل درآمد کیا ہےجو دونوں ممالک کے درمیان توانائی تعاون میں ایک اہم پیشرفت ہے۔انہوں نےکہا کہ پاکستان اور امریکی قیادت کے درمیان قریبی تعلقات موجود ہیں جو سٹریٹجک شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ملاقات میں دونوں جانب سے پٹرولیم اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے جبکہ ادارہ جاتی اور تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے استعداد کار بڑھانے کے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں قریبی رابطے برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔