وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی سے سردار یاسر الیاس خان کی ملاقات، سیاحت کے فروغ اور ریلوے کے ذریعے سیاحتی مقامات تک رسائی بہتر بنانے پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی سے سردار یاسر الیاس خان کی ملاقات، سیاحت کے فروغ اور ریلوے کے ذریعے سیاحتی مقامات تک رسائی بہتر بنانے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور ریلوے کے ذریعے سیاحتی مقامات تک رسائی بہتر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاکستان ریلوے کے تاریخی ورثے، قدیم ریلوے اسٹیشنز اور ہیریٹیج مقامات کو سیاحت کے فروغ کیلئے مؤثر انداز میں استعمال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر گولڑہ سے چلنے والی سفاری ٹرین سمیت ہیریٹیج اور سیاحتی ٹرین سروسز کے کردار کو بھی سراہا گیا۔سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا تاریخی ورثہ ملکی سیاحت کیلئے ایک قیمتی اثاثہ ہے، جسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے سیاحوں کیلئے مزید پرکشش بنایا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے ہیریٹیج کو محفوظ بنانے اور اسے سیاحتی سرگرمیوں سے منسلک کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ملاقات میں مذہبی، تاریخی اور شمالی علاقہ جات کے سیاحتی روٹس کو مزید فعال بنانے، سیاحوں کیلئے خصوصی ٹرین پیکجز متعارف کرانے اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔