وفاقی وزیر محمد جنید انور چوہدری کا کے پی ٹی ٹرمینلز پر سٹوریج ریلیف کا اعلان

وفاقی وزیر محمد جنید انور چوہدری کا کے پی ٹی ٹرمینلز پر سٹوریج ریلیف کا اعلان

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) ٹرمینلز پر 25 سے 50 فیصد تک سٹوریج چارجز میں رعایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خلیجی ممالک کی ترسیل میں حالیہ رکاوٹوں سے متاثرہ برآمد کنندگان کو سہولت حاصل ہو گی۔ برآمد کنندگان کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے ٹرمینل آپریٹرز کے ساتھ تعمیری مشغولیت کے بعد کے پی ٹی کے چیئرمین ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نےوفاقی وزیر کی ہدایت پر کے جی ٹی ایل میں رعایت حاصل کی۔

وزارت بحری امور کے مطابق محمد جنید انور چوہدری نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ یہ اقدامات ٹرمینل یارڈز پر پھنسے ہوئے برآمدی کنٹینرز کا احاطہ کرتے ہیں جنہیں آپریشنل مسائل کی وجہ سے لوڈ نہیں کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ رعایت کا مقصد درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان پر مالی دباؤ کو کم کرنا، زیر التواء کنسائنمنٹس میں کمی اور کارگو کلیئرنس کی کارکردگی کو بڑھانا ہے۔کے پی ٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سے برآمدی شعبہ کی معاونت، تجارت کے تسلسل کو یقینی بنانے اور لاجسٹک رکاوٹوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری ٹائم اداروں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ وہ زیادہ سہولت اور تجارت کے لیے دوستانہ انداز اپنائیں اور آپریشنل تاخیر سے سٹیک ہولڈرز کے اخراجات میں اضافہ نہ ہو۔وفاقی وزیر نے بہتر لاجسٹکس سہولیات اور خدمات کی فراہمی کے لیے بندرگاہوں اور ٹرمینلز کے درمیان بہتر شراکتداری پر زور دیا۔ انہوں نے اس ریلیف کو بحری شعبے کو زیادہ جوابدہ، مسابقتی اور قومی تجارتی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ بنانے کے لیے ایک وسیع حکمت عملی کے حصے کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بندرگاہوں کے موثر آپریشنز اقتصادی استحکام، برآمدات کی نمو اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے انتہائی اہم ہیں۔