لاہور۔17مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اتوار کے روز لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر سی ای او پاکستان ریلوے محمد حفیظ اللہ اور ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے پلیٹ فارم نمبر2 اور پلیٹ فارم نمبر 4 پر قائم سی آئی پی لائونجز کا خصوصی دورہ کیا اور وہاں مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے اسٹیشن پر صفائی ستھرائی، انتظامات اور مسافروں کے لیے دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔وزیر ریلوے نے ری ماڈل پارکنگ اسٹینڈ کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے بریفنگ لی۔
اس دوران انہوں نے قلیوں سے ملاقات بھی کی ، ان کے مسائل اور سہولیات کے حوالے سے گفتگو کی۔محمد حنیف عباسی نے سی ای او ریلوے اور ڈی ایس ریلوے لاہور کو اسٹیشن پر بہترین سہولیات کی فراہمی پر سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ مسافروں کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلوے مسافروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور اس وقت ادارہ ریکارڈ آمدن حاصل کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے میں جاری اصلاحات کے باعث ادارے کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے،افسران اور ریلوے مزدور مل کر محنت کریں تو پاکستان ریلوے میں مزید بہتری آئے گی۔بعد ازاں وفاقی وزیر نے لاہور ریزرویشن ہال کا دورہ بھی کیا اور کہا کہ لاہور ریزرویشن ہال کو ہیڈ کوارٹر ریزرویشن ہال کی طرز پر اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ مسافروں کو جدید اور بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔