وفاقی وزیر قومی ورثہ سے اردنی سفیر کی ملاقات،جریش فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی

وفاقی وزیر قومی ورثہ سے اردنی سفیر کی ملاقات،جریش فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے سلطنتِ اردن کے سفیر برائے پاکستان ڈاکٹر معین خریسات نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس دوران دونوںملکوں کے درمیان ثقافتی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سفیرِ اردن نے سلطنتِ ہاشمیہ اردن کی وزارتِ ثقافت کی جانب سے وفاقی وزیر کو 40ویں جریش فیسٹیول برائے ثقافت و فنون میں شرکت کی باضابطہ دعوت پیش کی جو 22 جولائی تا 2 اگست 2026 کو قدیم شہر جریش میں منعقد ہوگا۔ وفاقی وزیر نے دعوت خوشدلی سے قبول کی اور پاکستان کی جانب سے ثقافتی سفارتکاری اور بین الاقوامی ثقافتی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اردن کے درمیان موجود مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز)کے تحت پاکستان ایک ثقافتی وفد اردن بھیجے گا جبکہ اردن کے فنکاروں پر مشتمل ثقافتی وفد کو بھی پاکستان مدعو کیا جائے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔سفیرِ اردن نے پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کو سراہتے ہوئے خصوصاً خٹک اور بلوچی رقص کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے قوالی کے فن کی بھی تعریف کی اور بتایا کہ انہوں نے ملتان میں قوالی کی محفل کا مشاہدہ کیا ۔

اس پر وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ اردن بھیجے جانے والے ثقافتی وفد میں قوالی کی خصوصی پیشکش شامل کی جائے گی۔سیکرٹری وزارت قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمان گیلانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ انہوں نے سفیر کو گندھارا ہیریٹیج گیلری اور پاکستان کی قدیم بدھ تہذیب سے متعلق جاری نمائش پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سفیر نے اس میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے نمائش کے دورے کی یقین دہانی کرائی۔

سیکرٹری نے بتایا کہ قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں گندھارا سنٹر کا افتتاح کیا گیا ہے جو اس تہذیبی ورثے کی تحقیق اور تحفظ کے لئے وقف ہے۔ فریقین نے ثقافتی سفارتکاری کو فروغ دینے، باہمی تفہیم بڑھانے اور پاکستان و اردن کے درمیان ثقافتی روابط کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔