وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی عازمین حج سے پاکستان کی سلامتی اور امن کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی عازمین حج سے پاکستان کی سلامتی اور امن کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل

نمایندہ نوائے وقت: جاوید اقبال بٹ

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، سردار محمد یوسف نے تمام عازمین حج کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حج کے بابرکت موقع پر پورے عالمِ اسلام، پاکستان اور دنیا بھر میں امن، استحکام اور انسانیت کی فلاح کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حجاج کرام بالخصوص پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے دعا کریں، جبکہ ملک کی قیادت، افواجِ پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کی کامیابی و استحکام کے لیے بھی خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو بہترین حج انتظامات پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق وزارتِ مذہبی امور نے عازمین حج کے لیے مؤثر اور بہتر انتظامات کو یقینی بنایا، جبکہ پاکستانی حج مشن پوری ذمہ داری، عزم اور خدمت کے جذبے کے ساتھ حجاج کرام کی معاونت میں مصروفِ عمل ہے۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں عزت و وقار عطا فرمایا ہے، لہٰذا اس نعمت پر شکر ادا کرتے ہوئے ملکی امن، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان، عسکری قیادت اور افواجِ پاکستان کی کامیابی و استحکام کے لیے بھی دعا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔