سکھر۔ 21 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سکھر کے دورے پر پہنچ گئے ۔ منگل کو وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کے ہمراہ سندھ کے تاریخی ریلوے اسٹیشن روہڑی ریلوے اسٹیشن کی اپگریڈیشن کا افتتاح کیا ۔ اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔ چیئرمین ریلوے سید مظہر علی ، ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی اور دیگر افسران بھی تقریب میں شریک تھے ۔
ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ روہری اسٹیشن 1878 میں بنا اور 1890میں اسے فنکشنل کیا گیا ۔ بدقسمتی سے یہاں پر شروع سے ہی سہولیات کا فقدان رہا ہے ۔ اب روہڑی ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے ۔
یہ منصوبہ 1300 ملین روپے سے زائد کا ہے ، منصوبے میں چالیس فیصد شیئر سندھ حکومت اور ساٹھ فیصد وفاقی حکومت فراہم کرے گی ۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بھی روہڑی ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کیا ۔