وفاقی وزیر داخلہ کی زیرصدارت اجلاس،راول ڈیم کے پانی کو نالوں کے گندے پانی سے بچانے کے لئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کا فیصلہ

وفاقی وزیر داخلہ کی زیرصدارت اجلاس،راول ڈیم کے پانی کو نالوں کے گندے پانی سے بچانے کے لئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے قبضہ مافیا اور غیر قانونی تعمیرات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، کسی دبائو کے بغیر آپریشن کلین اپ اپنے منطقی نتائج کے حصول تک جاری رہے گا۔بدھ کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں راول ڈیم کے پانی کو نالوں کے گندے پانی سے بچانے کے لئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران راول ڈیم میں گرنے والے نالوں پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کے بعد شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی فراہمی ممکن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے قبضہ مافیا اور غیر قانونی تعمیرات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، کسی دبائو کے بغیر آپریشن کلین اپ اپنے منطقی نتائج کے حصول تک جاری رہے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک پر ترقیاتی کام 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں کیپیٹل پولیس کالج کے اپ گریڈیشن پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیپٹل پولیس کالج میں نئے کلاس رومز، میس اور زیر تربیت اہلکاروں کیلئے بیرکس تعمیر کی جائیں گی ۔اجلاس میں اسلام آباد میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت کو ترقیاتی منصوبوں پر مفصل بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کنونشن سینٹر کی تعمیر کیلئے 3 بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے ڈیزائن جمع کرائے گئے ہیں، ایولویشن کا عمل جاری ہے، قانونی تقاضے مکمل کیے جا رہے ہیں، جون کے آخری ہفتے میں کنونشن سنٹر پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد کے نئے تعمیر ہونے والے 11 تھانوں پر بھی کام جاری ہے۔وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔