وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو آذربائیجان کے ہم منصب کرنل جنرل ولایت ایوازوف کا مراسلہ ،بنوں میں دہشت گرد حملے کی مذمت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو آذربائیجان کے ہم منصب کرنل جنرل ولایت ایوازوف کا مراسلہ ،بنوں میں دہشت گرد حملے کی مذمت

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو آذربائیجان کے ہم منصب کرنل جنرل ولایت ایوازوف نے مراسلہ بھجوایا ہے جس میں آذربائیجان کے وزیر داخلہ نے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔پیر کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق آذربائیجان کے وزیر داخلہ نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور پاکستانی عوام اور متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

آذربائیجان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ خودکش حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت اور زخمی ہونے کے افسوسناک واقعہ پر انتہائی رنجیدہ ہیں، آذربائیجان ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ آذربائیجان دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کی مستقل حمایت کرتا ہے۔ افسوسناک واقعہ پر ہم پاکستان کے برادر عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ آذربائیجانی وزیر داخلہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی رحمت میں جگہ اور زخمیوں کو جلد صحت یابی دے۔