وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز) سے ملاقات، اصلاحات اور سماجی تحفظ پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز) سے ملاقات، اصلاحات اور سماجی تحفظ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک اوربین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے موسم بہارکے اجلاسوں 2026 کے دوران اپنی مصروفیات کا آغاز پیر کو عالمی بینک گروپ کی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز) انا بیردے سے اہم ملاقات سے کیا۔وزیر خزانہ نے ملاقات کے دوران پاکستان میں اصلاحات اور ترقیاتی ایجنڈے کے لیے عالمی بینک گروپ کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے اثرات سے نمٹنے کے اقدامات پر غور کیا گیا ۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بیرونی دبائو کے اثرات سے عوام کے کمزور طبقات کو بچانے کے لیے سماجی تحفظ کے اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے تحت پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر تسلی کا اظہار اور طے شدہ اہداف کے حصول کے لیے مزید مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔وزیر خزانہ نے پاکستان کے آبادی سے متعلق چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس ضمن میں انہوں نے عالمی بینک سے جامع ماسٹر پلان تیار کرنے میں تعاون کی درخواست کی۔