اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائےسرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے ایتھوپین سفیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ایتھوپیا کے سفیر نے پاکستانی عوام اور ثقافت کی تعریف کی ہے۔ سفیر نے پاکستان کے عالمی امن کے قیام میں کردار پر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کو مبارکباد دی۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملاقات میں پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کی معیشت، توانائی اور برآمدی شعبوں پر تفصیلی گفت و شنید ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ایتھوپین ایئرلائنز کی کراچی سے آپریشن اور کارگو توسیع کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔ انہوں نے دونوں ممالک کی ثقافت میں مماثلت، باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کا اظہار کیا اور کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاری کے فروغ اور اصلاحات جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔