پشاور۔ 15 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے سابق رکنِ قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے سینئر نائب صدر شہاب الدین خان سالارزئی کوان کی بہادری کے اعتراف میں ملک کے اعلیٰ سول اعزاز ’’ستارۂ امتیاز‘‘ سے نوازے جانے پر دلی مبارکباددی ہے۔ اپنے خصوصی تہنیتی بیان میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ شہاب الدین خان سالارزئی کو ’’ستارۂ امتیاز‘‘ دیا جانا اُن کی جرات، بہادری اور قومی خدمات کا اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہاب الدین خان سالارزئی نے مشکل حالات میں جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی خدمت، امن کے قیام اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ باجوڑ سے تعلق رکھنے والی اس اہم سیاسی شخصیت کو بہادری کے اعتراف میں قومی اعزاز ملنا پورے خیبر پختونخوا بالخصوص قبائلی اضلاع کے عوام کےلیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہاب الدین خان سالارزئی کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔