اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورکشمیروگلگت بلتستان ،سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخواانجینئر امیرمقام سے پیر پیائی نوشہرہ سے تعلق رکھنے والی میاں گل رخ علی شاہ نے ملاقات کی اور تحریک انصاف سے مستعفیٰ ہوکر مسلم لیگ ن میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق میاں گل رخ علی شاہ سیاسی و سماجی شخصیت خان بہادر شہزاد میر خان کی پرنواسی، ریٹائرڈ کرنل و سابق پولیس کمشنر سعد اللہ خان اور داد اللہ خان کی نواسی جبکہ میاں مخافظ شاہ کی پرپوتی اور میاں اصغر علی شاہ کی صاحبزادی ہیں۔
ملاقات کے دوران میاں گل رخ علی شاہ نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑ کر باقاعدہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی۔وفاقی وزیر انجینئر امیرمقام نے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے مبارکباد دی اور کہا کہ نوجوانوں بالخصوص خواتین کی سیاست میں مثبت اور فعال شرکت ملک کے بہتر مستقبل کیلئے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ میاں گلرخ علی شاہ اپنی صلاحیتوں اور سیاسی تجربے کو عوامی خدمت اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے بروئے کار لائیں گی۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن خواتین ونگ کی صوبائی صدر ثوبیہ شاہد اور پاکستان مسلم لیگ ن ضلع نوشہرہ کے صدر صاحبزادہ حمزہ پرویز بھی موجود تھے۔