بھمبر۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے آزاد جموں و کشمیر کے ضلع بھمبر میں زیرِ تعمیر دانش سکول منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی آزاد جموں و کشمیر کے عوام سے خصوصی محبت اور دلچسپی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے فخر کا لمحہ ہے کہ دانش سکول منصوبہ عملی شکل اختیار کر رہا ہے،یہ ایک خواب کی تعبیر اور مواقع کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد تمام طبقات کے لئے معیاری اور مساوی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ دانش سکولوں کا تصور پہلی مرتبہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف نے بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب متعارف کرایا تھا تاکہ محروم اور پسماندہ طبقات کے بچوں کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کئے جا سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی تعلیمی پالیسی شمولیت اور اعلیٰ معیارِ تعلیم کے اصولوں پر مبنی ہے اور بھمبر کا دانش سکول مستقبل میں علمی و تعلیمی معیار کا ایک نمایاں مرکز بن کر ابھرے گا۔دانش سکول سسٹم حکام کے مطابق منصوبہ آئندہ 3 ماہ میں مکمل ہوجائے گاجس پر وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اس کا افتتاح کریں گے۔انہوں نے پاک افواج کی ملک کے لئے بے مثال خدمات کو سراہتے ہوئے خصوصاً ’’معرکہ حق‘‘ میں ان کے جرأت مندانہ کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ اس تاریخی کامیابی نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں نمایاں اضافہ کیا اور دنیا بھر میں ملک کو عزت و احترام دلایا ۔دانش سکول پراجیکٹ ڈائریکٹر ہارون داس کی طرف سے بریفنگ کے بعد سابق سینئر وزیر حکومت آزادکشمیر چوہدری طارق فاروق نے وفاقی وزیرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے قائدمسلم لیگ (ن )سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور موجودہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کو سراہا،پراجیکٹ کو خوش آئندقرار دیا۔انہوں نے کہاکہ نالہ بھمبر نالہ کس چناتر کے باعث سیلاب کا خدشہ ہے،عوامی تحفظات موجود ہیں،1992 میں بڑا سیلاب آیا تھا جس سے بھمبر بری طرح متاثر ہواتھا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ عوامی تحفظات کو دور کیا جائے گا۔اس سے قبل پی ڈبلیو ریسٹ ہائوس آمد پر سابق سینئر وزیر و مسلم لیگ (ن )آزادکشمیر کےصدر شاہ غلام قادر، سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق ،سابق سینئر وزیر ملک محمدنواز،سابق وزیرچوہدری محمدرخسار و دیگرقائدین نے خیرمقدم کیا اور مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر کے دورے کےدوران میرپور اور بھمبر اضلاع کے مسلم لیگی عہدیدران و کارکنان نے پرتپاک استقبال کیا۔