وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے ”سنو نیوز“ کے سی ای او کی ملاقات، نچلی سطح کے ملازمین بحال کرنے کا فیصلہ، دیگر برطرف ملازمین کے واجبات فوری ادا کرنے پر اتفاق

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے ”سنو نیوز“ کے سی ای او کی ملاقات، نچلی سطح کے ملازمین بحال کرنے کا فیصلہ، دیگر برطرف ملازمین کے واجبات فوری ادا کرنے پر اتفاق

اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے منگل کو یہاں ”سنو نیوز“ کے سی ای او نے ملاقات کی۔ ملاقات میں میڈیا ورکرز کے حقوق، ٹی وی چینلز کو درپیش مسائل اور برطرف کئے گئے ملازمین کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں ”سنو نیوز“ سے 114 ملازمین کو برطرف کرنے کے معاملہ پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور برطرف ملازمین کے واجبات فوری طور پر ادا کرنے پر اتفاق ہوا۔ ملاقات میں ملازمین کی تنخواہوں میں مزید کٹوتی نہ کرنے اور مزید ملازمین کو برطرف نہ کرنے جبکہ نچلی سطح کے ملازمین بشمول ڈرائیورز اور ٹیکنیکل سٹاف کو ملازمتوں پر بحال کرنے کا فیصلہ ہوا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ”سنو نیوز“ کی جانب سے طے کئے گئے نکات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا، لہذا اشتہارات کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطرف کئے گئے دیگر ملازمین کے متبادل روزگار کے لئے ہرممکن کوششیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔”آج“ نیوز کی انتظامیہ نے بھی وزارت اطلاعات سے رابطہ کیا ہے، ان سے کل ملاقات ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جن میڈیا اداروں میں مالی یا انتظامی مسائل ہیں، ان کے ساتھ مل کر معاملات حل کئے جائیں گے، کارکنوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔