اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں ادارے کے علاقائی دفاتر کے دورے کے دوران سرکاری اداروں کی بدانتظامی کے خلاف شکایات کے فوری اور موثر ازالے کی ہدایت جاری کی ہے۔ترجمان کے مطابق انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ سرکاری اداروں کی بدانتظامی کا بوجھ عام شہریوں خصوصاً کم آمدنی والے طبقے پر نہیں پڑنا چاہیے اور عوامی مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائیں۔وفاقی محتسب نے ہدایت کی کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شکایت کنندگان کو فوری ریلیف فراہم ہو سکے۔ انہوں نے او سی آر پروگرام اور کھلی کچہریوں کو مزید موثر اور منظم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔دورے کے دوران ایک ہی دن میں تین علاقائی دفاتر کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر میرپورخاص دفتر میں نئے کانفرنس روم کا افتتاح بھی کیا گیا جس میں سندھ اسمبلی کے اقلیتی رکن ہری رام کشوری لال نے بھی شرکت کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی محتسب نے کہا کہ ادارے کا مقصد نادار اور پسماندہ طبقات کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا ہے جبکہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ ادارے کے پیغام کو عوام تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ تنازعات کے غیر رسمی حل کے پروگرام (آئی آر ڈی) کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔