کوئٹہ۔ 12 مئی (اے پی پی):وفاقی محتسب کے حکم پر درخواست گزار کو میرج گرانٹ کی مد میں 50 ہزار وپے دلوا دیئے گئے۔درخواست گزار منگل خان نے بتایا کہ انہوں نے میرج گرانٹ کی ادائیگی کے لیے متعلقہ محکمے کو درخواست دی لیکن ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
انہوں نے انصاف کے حصول کے لیے وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ میں درخواست دائر کی۔ درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے متعلقہ محکمے کو طلب کیا۔ متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔
لہٰذاوفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کو میرج گرانٹ کی مد میں پچاس ہزارروپے کا چیک فوری طور پر دیا جائے۔احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کو میرج گرانٹ کی مد میں پچاس ہزار روپے ادا کر دیے۔ اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔