وفاقی محتسب نے درخواست گزار کے گیس بل پر عائد 32 لاکھ کا جرمانہ ختم کروا دیا

وفاقی محتسب نے درخواست گزار کے گیس بل پر عائد 32 لاکھ کا جرمانہ ختم کروا دیا

کوئٹہ۔ 25 مئی (اے پی پی):وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ نے درخواست گزار کے گیس بل پر عائد غیر منصفانہ جرمانہ فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ سے جاری بیان کے مطابق درخواست گزار فیروز خان نے بتایا کہ ان کی “صفا بیکری” پر گیس والوں نے 32 لاکھ کا غیر منصفانہ جرمانہ عائد کیا تھا جس کی درستگی کے لیے انہوں نے متعدد بار متعلقہ محکمہ سے رجوع کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو سکی۔ لہذا انصاف کے حصول کے لیے انہوں نے وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ میں درخواست جمع کروائی۔درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمہ کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت شروع کر دی۔ سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔ لہذا، وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کے گیس بل پر عائد غیر منصفانہ جرمانہ فوری طور پر ہٹایا جائے۔احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمہ نے درخواست گزار کے گیس بل پر عائد 32 لاکھ کا جرمانہ ختم کر دیا۔ اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔