وفاقی سیکرٹری برائے وزارت تعلیم کی زیرصدارت نو چائلڈ لیفٹ بہائنڈ مہم کی پیش رفت بارے جائزہ اجلاس

وفاقی سیکرٹری برائے وزارت تعلیم کی زیرصدارت نو چائلڈ لیفٹ بہائنڈ مہم کی پیش رفت بارے جائزہ اجلاس

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری برائے وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ندیم محبوب کی زیر صدارت ’’نو چائلڈ لیفٹ بہائنڈ‘‘ مہم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس کا مقصد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں یونین کونسل کی سطح پر مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے ہر بچے تک تعلیم کی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ اس موقع پر سول سوسائٹی تنظیموں اور پارٹنر این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے فیلڈ سرگرمیوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا جن میں گھر گھر سروے، داخلہ مہمات، اور کمیونٹی کی شمولیت شامل ہیں۔ اہم چیلنجز اور آپریشنل مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی جس میں باہمی رابطہ بہتر بنانے، رسائی میں تیزی لانے، اور ڈیٹا رپورٹنگ کے نظام کو مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔ ایک اہم پیش رفت کے طور پر دو نئی مفاہمتی یادداشتوں پر مسلم ہینڈز اور مومنٹم ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے ساتھ دستخط کیے گئے، جس سے اس مہم میں شامل شراکت دار تنظیموں کے نیٹ ورک میں مزید وسعت آئی ہے۔ ان تنظیموں کی شمولیت سے فیلڈ صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور داخلہ کے اہداف کے حصول میں مزید مدد ملے گی۔ وفاقی سیکرٹری ندیم محبوب نے 25,000 سکول سے باہر بچوں کی نشاندہی اور انہیں داخل کروانے کے ہدف کو مقررہ مدت میں حاصل کرنے کے لیے رفتار برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے وزارت کے اس عزم کو بھی دہرایا کہ ایک منظم، ڈیٹا پر مبنی اور کمیونٹی مرکوز “کارپٹ کوریج پلان” کے تحت گھر گھر سروے، مقامی شراکت داروں سے روابط، اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے حقیقی وقت میں نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا، تمام شریک این جی اوز نے اس مہم کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور آئندہ ہفتوں میں اپنی کوششوں کو مزید تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام شراکت داروں کی مشترکہ ذمہ داری اور باہمی تعاون کے ذریعے ہی اس بات کو یقینی بنایا جا سکتا ہے کہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ وزارت نے آئین کے آرٹیکل 25-اے کے تحت ہر بچے کو معیاری اور مساوی تعلیم فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ شراکت دار تنظیموں کے ساتھ جاری تعاون اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں تعلیمی اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔