اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کی زیرِ صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں عید انتظامات اور صفائی آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے اپنے زونز میں جاری تیاریوں، مویشی منڈیوں کے انتظامات، صفائی مہم اور شہری سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے مجموعی صورتحال پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ عید ایام کے دوران صفائی آپریشن کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے اور آلائشوں کو محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے کے لیے مختلف علاقوں میں گھڑوں کی کھدائی مکمل کر لی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ آلائشیں جمع کرنے کے لیے خصوصی بیگز کی تقسیم کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ یونین کونسل اسٹاف اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے تعاون سے صفائی مہم کے لیے مکمل کوآرڈینیشن قائم کر لی گئی ہے جبکہ اجتماعی قربانی کے مقامات پر خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی تاکہ بروقت صفائی یقینی بنائی جا سکے ۔
اسسٹنٹ کمشنرز نے مویشی منڈیوں کے روزانہ کی بنیاد پر دوروں اور انتظامات سے متعلق بھی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سرکاری منڈیوں کے علاوہ غیر قانونی مقامات پر جانوروں کی خرید و فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے ہدایت کی کہ عید کے تینوں دن تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے متعلقہ علاقوں میں موجود رہیں اور صفائی آپریشن کی خصوصی نگرانی یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔