وفاقی دارالحکومت کو این ایف سی ایوارڈ میں مناسب نمائندگی دی جائے، سردار طاہر محمود

وفاقی دارالحکومت کو این ایف سی ایوارڈ میں مناسب نمائندگی دی جائے، سردار طاہر محمود

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت قومی مالیاتی وسائل میں مناسب حصہ حاصل کئے بغیر اپنے بڑھتے ہوئے ترقیاتی، انتظامی اور شہری چیلنجوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ نہیں کر سکتا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کی حامل کاروباری برادری کیلئے پائیدار ترقی اور کاروبار دوست اصلاحات کو یقینی بنانے کے لئے اقتصادی پالیسی سازی میں مناسب شناخت اور بامعنی شراکت داری دی جانی چاہئے۔

بدھ کو یہاں چیمبر ہاؤس میں تاجر رہنماؤں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ملک کا دارالحکومت اور اہم اقتصادی مرکز ہونے کے باوجود اس مالیاتی سہولت سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں اسلام آباد کو نمائندگی دینے سے شہری انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے، میونسپل سروسز کو بہتر بنانے اور رہائشیوں اور کاروباری شعبہ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ کاروباری برادری کو اس وقت انتظامی مسائل، غیر معمولی آپریشنل لاگت اور مختلف معاشی مشکلات کی وجہ سے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس سے تجارت اور سرمایہ کاری کی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب تاجروں اور صنعتکاروں کو اعتماد میں لیا جائے اور کاروبار کرنے کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔انہوں نے این ایف سی ایوارڈ میں اسلام آباد کی شمولیت کو وفاقی دارالحکومت میں بہتر طرز حکمرانی اور طویل مدتی ترقی کو یقینی بنانے کی جانب ایک لازمی قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو اس کا جائز مالی حصہ ملنا چاہئے تاکہ شہر جدید معاشی اور شہری تقاضوں کے مطابق ترقی کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالی وسائل میں اضافہ حکام کو عوامی خدمات، بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے ضروری سہولیات کو بہتر بنانے کے قابل بنائے گا۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے مزید کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وفاقی دارالحکومت میں تاجر برادری کی مدر باڈی ہونے کے ناطے بغیر کسی امتیاز کے تاجروں اور صنعتکاروں کے جائز مفادات کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے میں ترامیم پر غور کر رہی ہے لہذا یہ مناسب وقت ہے کہ اسلام آباد کا مقدمہ قومی سطح پر موثر انداز میں پیش کیا جائے۔

چیمبر کا دورہ کرنے والے کاروباری وفود نے اسلام آباد کو این ایف سی ایوارڈ میں شامل کرنے کے مطالبہ کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ وفاقی دارالحکومت اپنی انتظامی ذمہ داریوں، بڑھتی ہوئی آبادی اور تجارتی سرگرمیوں میں توسیع کے لحاظ سے مناسب مالی امداد کا مستحق ہے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران اسحاق سیال، ذوالقرنین عباسی، وسیم چوہدری اور سینئر ممبر اسرار الحق مشوانی بھی موجود تھے۔