اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی اور مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ آپریشنز جاری ہیں، امن و امان کی صورتحال مزید موثر اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے مختلف علاقوں میں گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کیے جارہے ہیں ۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل اسلام آباد کے احکامات پر ضلع بھر میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ تھانہ ہمک، تھانہ ترنول، تھانہ آبپارہ، تھانہ شالیمار، تھانہ سبزی منڈی، تھانہ کرپا اور تھانہ بنی گالہ کے علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے گئے جن کی نگرانی متعلقہ زونل ایس پیز نے کی، ان آپریشنز میں لیڈیز پولیس سمیت مختلف قانون نافذ کرنے والے یونٹس نے حصہ لیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشنز کے دوران 415 افراد اور 183 گھروں کی چیکنگ جبکہ 14 ہوٹلوں اور 74 دکانوں کی بھی تلاشی لی گئی، اسی طرح 185 موٹر سائیکلوں اور 65 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔پولیس حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران ایک افغانی باشندے سمیت 29 مشکوک افراد اور 19 موٹر سائیکلوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا، اس کے علاوہ منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 352 گرام آئس اور ایک پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ پوائنٹس بھی قائم کر دیے ہیں جبکہ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی سکواڈز شہر بھر میں مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دوران چیکنگ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔