اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی نظامتِ تعلیمات (ایف ڈی ای) نے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے نئے تعلیمی سیشن کے آغاز پر 113 تعلیمی اداروں میں ہیڈز آف انسٹی ٹیوشنز (ایچ او آئی ایس) کی تعیناتی مکمل کر لی ہے، تاکہ تعلیمی سال کا آغاز مؤثر، منظم اور متحرک انداز میں کیا جا سکے۔ یہ اقدام سیکرٹری تعلیم کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا، جبکہ ڈائریکٹر جنرل نے تمام چھ ایریا ایجوکیشن آفیسرز (اے ای اوز) کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کی منظوری دی۔ مجموعی طور پر تعینات کیے گئے ایچ او آئی ایس میں 51 مرد اور 62 خواتین شامل ہیں، جو ایک متوازن اور جامع حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے۔
سیکٹر کے لحاظ سے تقسیم کے مطابق نیلور میں سب سے زیادہ 45 تعیناتیاں کی گئیں، جبکہ بھارہ کہو میں 26 اور سہالہ میں 20 ایچ او آئی ایس تعینات کیے گئے۔ اسی طرح ترنول میں 10، اربن-I میں 8 اور اربن-II میں 4 تعیناتیاں عمل میں لائی گئیں۔ ان تعیناتیوں میں بنیادی ترجیح اس امر کو دی گئی کہ اداروں کے سربراہان کو ان کے متعلقہ سیکٹرز میں، حتیٰ الامکان ان کی رہائش کے قریب تعینات کیا جائے، تاکہ انتظامی امور میں بہتری، ذمہ داری کا احساس اور ادارہ جاتی کارکردگی میں اضافہ یقینی بنایا جا سکے۔ یہ اقدام تعلیمی نظام میں بہتری، مؤثر قیادت کے فروغ اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔