وفاقی آئینی عدالت،کراچی میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق اہم کیس کی سماعت 30 اپریل کو ہوگی

وفاقی آئینی عدالت،کراچی میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق اہم کیس کی سماعت 30 اپریل کو ہوگی

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت میں کراچی میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت 30 اپریل کو ہوگی۔ عدالت اسی روز صوبائی وزیر سندھ سعید غنی کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر بھی سماعت کرے گی۔ تجاوزات کیس میں سعید غنی کے خلاف عدالتی احکامات کی مبینہ خلاف ورزی پر توہینِ عدالت کی درخواست 2019 میں دائر کی گئی تھی۔

وفاقی آئینی عدالت کا دو رکنی بینچ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں کیس کی سماعت کرے گا۔ عدالت نے سعید غنی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ سمیت دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔مزید برآں عدالت نے ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور کراچی کے بلدیاتی اداروں کو بھی نوٹسز جاری کیے ہیں تاکہ وہ عدالت کے روبرو پیش ہو کر اپنا مؤقف پیش کریں۔ کیس میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق پیش رفت اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔