اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وزیر مملکت و وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نے حج کے موقع پر منیٰ میں ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسیتیون اسماعیل سے ملاقات کی، یہ غیر رسمی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جو درینہ دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں معاون خصوصی فہد ہارون نے اس ملاقات کو خوشگوار اور بامقصد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی تعلقات اور مشترکہ اقداراور باہمی دوستی پر مبنی تعلقات قابل ستائش ہیں۔
پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارت، تعلیم، ثقافت اور علاقائی امور سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔