اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پرپیرکوواشنگٹن ڈی سی میں عالمی بینک گروپ کے نائب صدر خورخے فامیلیئر کالڈرون سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے خورخے فامیلیئر کالڈرون کو ان کی حالیہ تقرری پر مبارکباد دی اور کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو کیپٹل مارکیٹس تک رسائی، مالیاتی جدت اور قرضہ و خطرات کے نظم و نسق میں مشاورتی خدمات فراہم کرنے میں عالمی بینک گروپ ٹریژری کا کردار نہایت اہم ہے۔ سینیٹر اورنگزیب نے ملاقات کے دوران پاکستان کی متنوع مالیاتی حکمت عملی پر روشنی ڈالی، جس میں سکوک اور ای ایس جی سے منسلک مالیاتی ذرائع کا استعمال اور نئے بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں تک رسائی کی کوششیں شامل ہیں۔
انہوں نے ملکی بانڈ مارکیٹ کو مزید مستحکم بنانے کی جاری کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ وزیر خزانہ نے علم کے تبادلے اور استعداد کار میں اضافے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس کے لیے تکنیکی معاونت، جدید تجزیاتی آلات اور خصوصی تربیت فراہم کی جائے تاکہ طویل مدتی مالیاتی استحکام کو مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت خزانہ کے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس کے مشیر کو ورلڈ بینک کے ساتھ مشترکہ پروگراموں کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا۔