کوئٹہ۔ 25 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزیر ایریگیشن میر صادق عمرانی کے ڈیرہ مراد جمالی گھر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل برداشت واقعہ قرار دیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایسے بزدلانہ اقدامات سے حکومت کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا اور ریاستی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن کے قیام اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔