اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے ظلم، قبضے اور تشدد کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ہفتے کو ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج نکبہ کی 78ویں برسی کے موقع پر ہم 1948 سے فلسطینی عوام کی اپنے وطن سے بے دخلی، محرومی اور انکی مسلسل مشکلات کو یاد کررہے ہیں۔
اس غمگین موقع پر پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے ظلم، قبضے اور تشدد کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک خودمختار، آزاد، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔