وزیر اعظم شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں سعودی عرب کی جانب سے غیر معمولی صبر و تحمل کے مظاہرے کو سراہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

وزیر اعظم شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں سعودی عرب کی جانب سے غیر معمولی صبر و تحمل کے مظاہرے کو سراہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا اور سعودی عرب کی جانب سے دکھائے گئے غیر معمولی صبر و تحمل کو سراہا۔

جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ولی عہد کو پاکستان کی حالیہ امن کوششوں سے بھی آگاہ کیا جن کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی اور اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ تاریخی مذاکرات کا انعقاد ہوا۔

ترجمان نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے امن عمل میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ وزیراعظم پاکستان نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی معاشی استحکام کے لئے مسلسل حمایت پر ولی عہد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ایک منفرد تعلق موجود ہے اور پاکستان۔سعودی عرب سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت سٹریٹجک دفاعی شراکت دار ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف 15 سے 18 اپریل کے دوران سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور قطر کے دورے دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں ہو رہے ہیں جبکہ ترکیہ کا دورہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے پانچویں اجلاس کے سلسلہ میں ہے جہاں وزیر اعظم دیگر عالمی رہنمائوں کے ہمراہ لیڈرز پینل میں شرکت کریں گے اور فورم میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔