وزیرِ مملکت وجیہہ قمر کا قطر چیریٹی پاکستان آفس کا دورہ، پسماندہ طبقات کے لیے معیاری تعلیم اور تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال

وزیرِ مملکت وجیہہ قمر کا قطر چیریٹی پاکستان آفس کا دورہ، پسماندہ طبقات کے لیے معیاری تعلیم اور تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے قطر چیریٹی پاکستان کنٹری آفس کا دورہ کیا جہاں پسماندہ طبقات کے لیے معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی شعبے میں تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔بدھ کو وزارت تعلیم کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ مملکت کی آمد پر قطر چیریٹی پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر عثمان ابو حجلیہ نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران وزیرِ مملکت کو پاکستان میں تنظیم کی فلاحی اور ترقیاتی سرگرمیوں خصوصاً تعلیم کے شعبے میں جاری اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ قطر چیریٹی پاکستان ملک کے مختلف پسماندہ علاقوں میں تعلیم تک رسائی بہتر بنانے، مستحق بچوں کی معاونت اور تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

اس موقع پر وجیہہ قمر نے پاکستان میں تعلیمی ترقی اور سماجی بہبود کے لیے قطر چیریٹی کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیاری اور مساوی تعلیمی مواقع کی فراہمی کے لیے ترقیاتی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ وزیرِ مملکت اور عثمان ابو حجلیہ کے درمیان مستقبل میں تعاون کے امکانات اور پسماندہ طبقات تک تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان میں پائیدار تعلیمی ترقی اور بچوں و نوجوانوں کے لیے بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔