انطالیہ۔18اپریل (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کا سہہ ملکی دورہ مکمل کرکے انطالیہ، ترکیہ سے واپس پاکستان روانہ ہوگئے ۔ ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انطالیہ ایئرپورٹ پر ترکیہ کے وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سفیر تولگا برمیک ، سفیر نیلوفر کیگسیز ،ترکیہ کی پارلیمان کے رکن برہان قایاترک اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے تین روزہ دورہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے دوران تینوں برادر ممالک کی قیادت سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے ، خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں اور خطے و عالمی صورتحال پر عالمی رہنماؤں سے تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے دوران نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور وزیرِ اعظم کے ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔
