پشاور۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشاور میں پولیس ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیااوربنوں میں شہید ہونے والے 15 پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے ملاقات کی۔جمعرات کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے شہید پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔وزیر داخلہ نے شہید پولیس اہلکاروں کی ماؤں کو دلاسہ دیا ،دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ آپ جیسی باہمت ماؤں کا حوصلہ دیکھ کر ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے، آپ کے شیر دل بیٹوں نے جوانمردی کی اعلیٰ مثال قائم کر کے شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔علاوہ ازیں وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا سے متعلق خصوصی بریفنگ دی گئی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سی ٹی ڈی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو خیبرپختونخوا میں وفاقی و صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے اور ہم آہنگی پیدا کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی استعدادکار بڑھانے کے لئے وفاقی حکومت پورا تعاون کرے گی۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی،پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کے پی سیف سٹیز پراجیکٹ کابھی دورہ کیااور اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا معائنہ کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے جدید کیمرا ٹیکنالوجی کے ذریعے سرویلنس کے نظام کا مشاہدہ کیا ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کیمروں سے مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لیا۔آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے وزیر داخلہ کو سیف سٹی پراجیکٹ اور سی ٹی ڈی کے بارے بریفنگ دی۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔چیف سیکرٹری، آئی جی ایف سی کے پی کے نارتھ ،آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔