وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی روتھس چائلڈ اینڈ کمپنی کے اعلیٰ نمائندگان سے اہم ملاقات

وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی روتھس چائلڈ اینڈ کمپنی کے اعلیٰ نمائندگان سے اہم ملاقات

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کو آئی ایم ایف کے موسم بہار اجلاس 2026 کے موقع پر روتھس چائلڈ اینڈ کمپنی کے اعلیٰ نمائندگان سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کی چار سال کے وقفے کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں دوبارہ رسائی کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ اس سلسلے میں یورو بانڈز، پانڈا بانڈ اور ڈالر میں طے شدہ روپے سے منسلک مالیاتی آلات زیر غور ہیں۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پانڈا بانڈ کے اجراء کی تیاری آخری مراحل میں ہے اور اس کی باضابطہ منظوری جلد متوقع ہے۔ وزیر خزانہ نے لائبیلیٹی مینجمنٹ آپریشن سے متعلق روتھس چائلڈ اینڈ کمپنی کی مشاورت کو سراہا جس کے ذریعے پاکستان کے بانڈز کی لاگت میں کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ممکن ہوگا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کثیرالجہتی مالیاتی اداروں کے تعاون سے بلینڈڈ فنانس کے منصوبوں کی مضبوط پائپ لائن تیار کرنا مجموعی قرضہ لاگت کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک کے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان کے لیے مختص کلائمیٹ فنانس کی بھی نشاندہی کی۔ ملاقات کے اختتام پر سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کے لیے روتھس چائلڈ اینڈ کمپنی کی جانب سے مکمل مشاورتی معاونت کی پیشکش کو سراہا جس میں خودمختار بانڈز کا اجراء، لائبیلیٹی مینجمنٹ آپریشنز، بلینڈڈ فنانس کی تشکیل اور کریڈٹ ریٹنگ سے متعلق مشاورت شامل ہے۔