اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفود نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران آئندہ وفاقی بجٹ، ٹیکس نظام، معاشی ترقی اور قومی معیشت کے استحکام میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی ترقی کے لئے کوششیں مثبت نتائج دے رہی ہیں اور معاشی اشاریے بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور کاروباری برادری کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں کاروباری طبقے اور عام پاکستانیوں کے لئے مثبت اقدامات شامل کئے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری اور ایس ایم ایز کی محنت اور تعاون سے پاکستان کی معیشت تیزی سے اور پائیدار بنیادوں پر ترقی کر سکتی ہے۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور نے وزیراعظم شہباز شریف اور معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی معاشی استحکام اور کاروباری شعبے کی حمایت کے لئے کوششوں کو سراہا۔