اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے قانون عرفان قادر نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، قانونی معاملات اور ادارہ جاتی اصلاحات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران عرفان قادر نے وزارتِ ریلوے میں حالیہ اصلاحات، انتظامی بہتری اور عوام دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے شعبے میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات مثبت نتائج دے رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان حکومتی اصلاحات، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوامی خدمت کے منصوبوں اور سہولتوں کی بہتری کے لیے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے تاکہ ریلوے کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔