وزیراعظم کی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، شہباز شریف

وزیراعظم کی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، شہباز شریف

اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال اور وزارت داخلہ کے امور پر اہم اجلاس ہوا ۔وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد اور ایف آئی اے سمیت وزارت داخلہ کے ماتحت تمام اداروں میں بھرتیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جدید سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اہلکاروں کو جدید تربیت اور مہارتوں سے آراستہ کیا جائے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بہترین آلات، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ ساز و سامان کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال ستمبر میں اسلام آباد میں زیر تعمیر جیل فعال ہو جائے گی۔وزیر داخلہ نے اجلاس کو ایف آئی اے، اسلام آباد پولیس، این سی سی آئی اے ،فیڈرل کانسٹیبلری ، سی ڈی اے اور وزارت داخلہ کے ماتحت دیگر اداروں کی کارکردگی اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار ، وفاقی وزراء محسن نقوی ، احسن اقبال ، محمد اورنگزیب ، وزیر مملکت طلال چوہدری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔