وزیراعظم کی زیر صدارت انسداد پولیو پر اہم جائزہ اجلاس، ملک سے پولیو کے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں، شہباز شریف

وزیراعظم کی زیر صدارت انسداد پولیو پر اہم جائزہ اجلاس، ملک سے پولیو کے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں، شہباز شریف

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پولیو کے خلاف جنگ میں انسداد پولیو ٹیم کی بھرپور کوششوں کو سراہا ہے ۔ بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو پر اہم جائزہ اجلاس وزیراعظم کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال ، وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ،وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے پولیو کے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم نے پولیو کے خلاف جنگ میں انسداد پولیو ٹیم کی بھرپور کوششوں کی تعریف کی۔ اجلاس میں انسداد پولیو اقدامات پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ سال 2026ء کے دوران اب تک پاکستان میں پولیو کا صرف ایک کیس ، ضلع سجاول سے رپورٹ ہوا ہے۔ 2024ء میں پولیو کے 74 کیسز اور 2025ء میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے ۔

پنجاب، خیبر پختونخوا ، بلوچستان ، اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے اس سال اب تک پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ سال 2025ء کی پہلی سہ ماہی میں ملک کے 67 اضلاع پولیو سے متاثرہ تھے جن کی تعداد سال 2026ء کی پہلی سہ ماہی میں کم ہو کر 23 رہ گئی ۔نیشنل ہائوس ہولڈ کوریج تمام انسداد پولیو مہمات میں 98 فیصد رہی۔ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بہتر رسائی اور انسداد پولیو مہم کی وجہ سے پولیو سے بچائو کے قطروں سے محروم رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔اسی طرح کوئٹہ بلاک میں پولیو وائرس کے مقامی پھیلائو میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔کراچی میں مارچ کے مہینے میں 12 میں سے 10 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا جو کہ ایک اچھی پیشرفت ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ستمبر 2025ء سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ ضلع بنوں میں پولیو سے زیادہ متاثرہ یونین کونسلوں کی تعداد 62 سے کم ہو کر 6 رہ گئی۔ مزید برآں وفاق اور صوبائی سطح پر ای پی آئی اور پی ای آئی کے انضمام کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اقدامات کو انسداد پولیو سے جوڑنے اور مشروط کرنے کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے۔