وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فضلے سے توانائی کی پیداوار کے حوالے سے ٹاسک فورس کی تشکیل کی منظوری دیدی

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فضلے سے توانائی کی پیداوار کے حوالے سے ٹاسک فورس کی تشکیل کی منظوری دیدی

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فضلے سے توانائی کی پیداوار (ویسٹ ٹو انرجی) کے حوالے سے ٹاسک فورس کی تشکیل کی منظوری دے دی،ٹاسک فورس ویسٹ ٹو انرجی کے موجودہ فریم ورک کا جائزہ لیتے ہوئے اس حوالے سے نئی قومی پالیسی بنانے پر کام کرے گی اور ملک میں ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں کے فروغ کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی، واضح حکمت عملی، ادارہ جاتی نظام اور روڈ میپ کے ساتھ قومی ویسٹ ٹو انرجی پالیسی مرتب کرے گی۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری اس ٹاسک فورس کے کنوینر ہوں گے،وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ، وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ، چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے لوکل گورنمنٹ ، موسمیاتی تبدیلی اور توانائی کے سیکرٹریز بھی ٹاسک فورس کا حصہ ہوں گے۔ ٹاسک فورس میں نجی شعبے سے متعلقہ افراد کو بطور ممبران شامل کیا گیا ہے۔

یہ ٹاسک فورس ملک میں فضلہ سے توانائی پیدا کرنے کے موجودہ فریم ورک کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے بین الاقوامی بہترین طریقوں کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے قانونی، ریگولیٹری، مالی اور آپریشنل رکاوٹوں کی نشاندہی کرے گی۔ ویسٹ ٹو انرجی کے حوالے سے قانون سازی اور ریگولیٹری اصلاحات سمیت اقدامات تجویز کرنا بھی ٹاسک فورس کے ٹی او آرز میں شامل ہے۔ ٹاسک فورس اس شعبے میں سرمایہ کاری، رابطہ کاری اور فضلہ سے توانائی کے نفاذ میں سہولت فراہم کرنے کے حوالےسے اقدامات بھی تجویز کرے گی۔