اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو زمبابوے کے خلاف سیریز میں شاندار فتح پر مبارکباد دی ہے۔اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو زمبابوے کے خلاف سیریز میں تین صفر سے تاریخی اور شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیم کی شاندار کارکردگی سخت محنت، نظم و ضبط اور غیر معمولی صلاحیتوں کی عکاس ہے۔ انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور پوری ٹیم مینجمنٹ کی خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے حمایت اور عزم کو بھی سراہا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہماری خواتین کرکٹرز مستقبل میں بھی نئی کامیابیاں حاصل کرتی رہیں گی اور پاکستان کا نام مزید روشن کریں گی۔