وزیراعظم شہباز شریف کی سروسز چیفس کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد، افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

وزیراعظم شہباز شریف کی سروسز چیفس کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد، افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو ٹیلیفون پر عید کی مبارکباد دی ۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قومی سلامتی کے لیے اُن کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر سپاہیوں اور افواجِ پاکستان کی غیر متزلزل وابستگی اور قربانیوں پر فخر ہے۔

وزیراعظم نے ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کرتے ہوئے اُن افسران اور جوانوں کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا جو عید کے موقع پر بھی وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے وزیراعظم کی جانب سے عید کی مبارکباد اور نیک تمناؤں پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم و پوری قوم کے لیے عیدالاضحیٰ کی خوشیوں، امن اور خوشحالی کی دعا کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔