وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر پیغام, وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر پاکستان اور چین کے عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس تاریخی سنگِ میل کو شایانِ شان انداز میں منانا پاکستان اور چین کے تعلقات کی گہرائی، وسعت، مضبوطی اور تابناک مستقبل کی عکاس ہے۔ پاکستان کے عوام، چین کے عوام کے لیے حقیقی طور پر بے حد عزت و احترام اور دلی محبت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ باہمی اعتماد، خودمختار برابری اور امن و ترقی کی مشترکہ خواہشات پر مبنی ہمارے دوطرفہ تعلقات اور مثالی دوستی ایک مضبوط “ہر موسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری” میں تبدیل ہو چکی ہے۔ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود یہ دوستی مسلسل مضبوط، مؤثر اور تزویراتی اہمیت کی حامل ہوتی گئی ہے۔ پاکستان، چین کے صدر عزت مآب شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت میں چین نے جدیدیت، اختراع، غربت کے خاتمے اور قومی احیاء کے میدان میں غیرمعمولی ترقی حاصل کی ہے۔ چین کی ترقی اور تبدیلی ترقی پذیر ممالک کے لیے باعثِ تحریک اور قابل تقلید ہے اور عالمی امن و خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان مختلف شعبہ جات میں چین کے تعاون کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان “ایک چین” کے اصول پر اپنے غیرمتزلزل سفارتی مؤقف کا اعادہ کرتا ہے۔ پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور قومی ترجیحات میں چین کی مضبوط معاونت نے غیرمعمولی کردار ادا کیا ہے۔ سی پیک (CPEC) نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی کے تحفظ، صنعتی تعاون میں بے پناہ کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان، سی پیک کے اگلے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین تعاون اب ڈیجیٹل معیشت، جدت، خلائی معاونت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں جیسے نئے شعبوں تک وسعت اختیار کر رہا ہے۔ شاہراہِ قراقرم سے لے کر خلائی تعاون تک، پاک چین دوستی پائیدار تزویراتی اعتماد کو عملی ترقی اور مشترکہ خوشحالی میں بدلنے کی روشن مثال ہے۔بڑھتی ہوئی عالمی غیر یقینی صورتحال اور تغیر پذیر دنیا میں پاکستان اور چین، کثیرالجہتی تعاون، پُرامن بقائے باہمی اور جامع ترقی کے اصولوں پر کاربند ہیں۔ ہماری “ہر موسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری” علاقائی استحکام اور عالمی تعاون کے لیے ایک مثبت قوت کے طور پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ اللہ کرے کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی ہر آنے والی نسل کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی چلی جائے۔
پاک چین دوستی زندہ باد!