لاہور۔27مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے امن اقدام کی بھرپور حمایت پر ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خطے میں قیامِ امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں سے متعلق تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا ۔ بدھ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم کو ٹیلی فون کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین قیادت اور برادر ملائیشین عوام کو عیدالاضحیٰ کی دلی مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی وزیراعظم پاکستان اور برادر پاکستانی عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے لیے خصوصی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نے خلیج میں جنگ بندی کے قیام اور خطے میں پائیدار امن کے لیے جاری کوششوں میں پاکستان کے مؤثر اور قابلِ تحسین کردار کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم اور اُن کی ٹیم کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں اور قوت عطا فرمائے۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے امن اقدام کی بھرپور حمایت پر اپنے ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خطے میں قیامِ امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں سے متعلق تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان کوششوں میں ملائیشیا سمیت برادر ممالک کے تعاون نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک سفارتی کاوشوں اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے فعال کردار کے باعث پاکستان امن عمل کو آگے بڑھانے میں کامیاب ہوا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نے ان کوششوں کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم انور ابراہیم نے پاکستان کے امن اقدام کو قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور نظریے کے عین مطابق قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے لبنان میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔ گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ وزیراعظم انور ابراہیم سے اسلام آباد، کوالالمپور یا کسی بین الاقوامی تقریب کے موقع پر دوبارہ ملاقات کے منتظر ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور پیش رفت سے ایک دوسرے کو مسلسل آگاہ رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔