وزیراعظم شہبازشریف کا پاکستان کی امن کوششوں کے لیے ترکیہ کی مستقل حمایت کا خیرمقدم ، انطالیہ ڈپلومیسی فورم کی مسلسل کامیابی پر مبارکباد دی

وزیراعظم شہبازشریف کا پاکستان کی امن کوششوں کے لیے ترکیہ کی مستقل حمایت کا خیرمقدم ، انطالیہ ڈپلومیسی فورم کی مسلسل کامیابی پر مبارکباد دی

انطالیہ۔17اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی امن کوششوں کے لیے ترکیہ کی مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے علاقائی صورتحال، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جمعہ کو “ایکس” پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر انہیں اپنے عزیز بھائی، صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔وزیر اعظم نے بتایا کہ انہوں نے اپنی اور پاکستانی وفد کی شاندار مہمان نوازی پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کی مسلسل کامیابی پر مبارکباد دی، جو مکالمے کے لیے ایک اہم عالمی پلیٹ فارم بن چکا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے علاقائی صورتحال، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پاکستان کی امن کوششوں کے لیے ترکیہ کی مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں ہم نے اپنے گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے، اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن و خوشحالی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔